Tuesday 28 July 2015

فون چارج کرتے ہوئے ایک غلطی نے خاتون کا ہاتھ ہی جلادیا،

لندن (نیوز ڈیسک) چارجنگ کے دوران موبائل فون کا چارجر یا بیٹری پھٹنے کے واقعات پے درپے سامنے آرہے اور ایک ایسا ہی خوفناک واقعہ برطانیہ میں بھی پیش آگیا ہے جہاں میڈیکل کی ایک طالبہ چارج سٹور کرنے والے آلے کے پھٹنے سے بری طرح زخمی ہوگئی۔
طالبہ کیٹی ایملی کا کہنا ہے کہ چارجنگ کیلئے لگایا ہوا چارجر اچانک آتش بازی کی طرح جل اٹھا اور سارا کمرہ شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ ایملی نے اپنے جلتے ہوئے کپڑوں کو ہاتھوں سے بجھانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے اس کے ہاتھ بری طرح جھلس گئے۔ چھبیس سالہ طالبہ اپنے لیپ ٹاپ سے پورٹیبل پاور بار کو چارج کررہی تھی۔ یہ آلہ چارج ذخیرہ کرلیتا ہے اور اسے چارج کرنے کے بعد لیپ ٹاپ یا موبائل فون کو چارج کرنے کیلئے استعمال  کیا جاسکتا ہے۔
ایملی نے بتایا کہ وہ اپنے میک کمپیوٹر کے ساتھ پاور بار کو چارج ہونے کیلئے لگا کر سوگئی تھی لیکن رات ایک بجے کے قریب دھماکے سے اس کی آنکھ کھلی تو چارجر سے شعلے نکلتے دکھائی دئیے۔ طالبہ نے انٹرنیٹ پر اس حادثے کی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں جن میں جلے ہوئے چارجر اور پاور بار آلے کو دیکھا جاسکتا ہے۔ طالبہ کو اس حادثے کی وجہ سے دس دن ہسپتال میں گزارنے پڑے اور وہ تاحال اپنے ہاتھوں کو استعمال کرنے سے قاصر ہے۔

No comments:

Post a Comment